’خواجہ آصف نے گھر پر حملہ کرایا، جیل جاکر بھی الیکشن لڑوں گی‘ عثمان ڈار کی والدہ کا چیلنج

 

کاغذات جمع کرانے کا سن کر میرے گھر پر پولیس کے 20 لوگ بھیج دیئے، میرے گھر کو بلڈوزروں سے ڈھیر بنا دو اور میدان میں آؤ تو دیکھو میں تمہارے شیر کا کیا حشر کرتی ہوں۔ ویڈیو بیان

پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں کابینہ کا حصہ رہنے والے سیاست دان عثمان ڈار کی والدہ نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء خواجہ آصف پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے ویڈیو بیان جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق عثمان ڈار کی والدہ نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں دعویٰ کیا کہ خواجہ آصف نے میرے گھر پر حملہ کروایا ہے، میں دروازہ نہیں کھول رہی تھی، یہ لوگ دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئے، ان لوگوں نے مجھے زدوکوب کیا، میرے سر سے چادر اتاری اور میرے بال کھینچے۔

عثمان ڈار کی والدہ نے الزام عائد کیا کہ خواجہ آصف نے میرے الیکشن کے کاغذات جمع کرانے کا سن کر میرے گھر پر پولیس کے 20 لوگ بھیج دیئے، جو مجھے زد و کوب کرکے گئے ہیں، میں چیف جسٹس صاحب سے انصاف چاہتی ہوں، چیف جسٹس سے اپیل ہے ان لوگوں سے پوچھیں یہ سب کیا ہورہا ہے۔

انہوں نے ن لیگی رہنماء خواجہ آصف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرا چیلنج ہے، میرے گھر کو بلڈوزروں سے ڈھیر بنا دو اور میدان میں آؤ تو دیکھو میں تمہارے شیر کا کیا حشر کرتی ہوں، مجھے ہتھکڑیاں لگاؤ میں پھر 

بھی کاغذات نامزدگی جمع کراؤں گی اور میں جیل میں جاکر بھی الیکشن لڑوںگی


۔ خیال رہے کہ عثمان ڈار کے سیاست اور پی ٹی آئی چھوڑنے کے اعلان کے بعد بھی ان کی والدہ کا بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف میری بات غور سے سن لیں، جو آپ چاہتے تھے وہ عثمان ڈار کو گن پوائنٹ پر رکھ کر حاصل کرلیا، سیاست عثمان ڈار نے چھوڑی ہے اس کی والدہ نے نہیں، اب تمہارا مقابلہ میں کروں گی، میرا چینلج ہے میدان میں آؤ، دیکھنا تمہارے شیر کا میں کیا حشرکرتی ہوں، میں عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہوں، میدان میں آؤ اور میرا مقابلہ کرو۔

Comments