اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی حفاظتی ضمانت منظورکر لی

 اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2023ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگزیب نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پرسماعت کی۔

دوران سماعت سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کے وکلا امجد پرویز اور اعظم نذیرتارڑ عدالت میں پیش ہوئے جب کہ نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود اور افضل قریشی نے دلائل دیے۔دوران سماعت اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ محمد نواز شریف ٹرائل کورٹ میں اشتہاری تھے، اس میں وارنٹ معطل ہوگئے ہیں، اس پر چیف جسٹس نے سوال کیا کہ آپ کے پاس وہ آرڈر ہے؟ اعظم نذیر نے بتایا کہ آرڈر ہوگیا ہے،وکلا ابھی احتساب عدالت سے آرہے ہیں ۔بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کے حکم کو مد نظر رکھتے ہوئے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے 24 اکتوبر تک ان کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

Comments